تعزیتی ریفرنس
پریس ریلیز
اسلام آباد: 3 فروری 2026
پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (پی آر اے) کے زیرِ اہتمام پی آر اے پاکستان کے معزز رکن اور سینئر صحافی مسعود عاصم مرحوم سمیت پی آر اے کے معزز ممبران کے عزیز و اقارب کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس اور دعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔
تعزیتی ریفرنس اور دعائے مغفرت کی تقریب پریس لاؤنج، پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں پی آر اے کے عہدیداران، ممبران اور سینئر صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور سوگوار خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا گیا۔
تعزیتی ریفرنس میں
اب تک نیوز کے پارلیمانی رپورٹر کامران چوہدری کی دادی،فرائیڈے نیوز کے سینئر صحافی صابر علی کے جواں سالہ صاحبزادے، سینئر صحافی اور ڈائریکٹر اردو نیوز اے پی پی جناب عبدالجبار زکریا صاحب کے جواں سالہ بیٹے،سینئر صحافی حیدر نسیم کی والدہ محترمہ، پی آر اے گورننگ باڈی کی رکن و سینئر صحافی روزینہ علی کی نانی صاحبہ، پی آر اے کے رکن و سینئر رپورٹر پی ٹی وی نیوز مظہر عباس کے والدِ گرامی،
سینئر صحافی عون شیرازی کی اہلیہ صاحبہ، اور سینئر صحافی علمدار بلوچ کی والدہ محترمہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔
تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی آر اے کے صدر ایم بی سومرو نے سینئر صحافی مسعود عاصم مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک محنتی، دیانتدار اور صحافت سے گہری وابستگی رکھنے والے صحافی تھے، ان کا انتقال پوری صحافتی برادری کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آر اے اپنے بے روزگار اور بیمار صحافی ساتھیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
پی آر اے کے سیکرٹری نوید اکبر چوہدری نے کہا کہ مسعود عاصم مرحوم ایک سچے اور پروفیشنل صحافی تھے، اللہ تعالیٰ انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ صحافی برادری کو ایک دوسرے کے حالات سے باخبر رہنا چاہیے۔
سینئر صحافی علی شیر نے تجویز دی کہ پی آر اے کے پلیٹ فارم سے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے جو بے روزگار، بیمار اور ضرورت مند صحافیوں کے مسائل سے باخبر رہے اور ان کی دادرسی کے لیے عملی اقدامات کرے۔
اس موقع پر پی آر اے کے سابق صدور صدیق ساجد اور عثمان خان نے بھی تعزیتی کلمات ادا کیے، جبکہ سینئر صحافی شہریار خان، اصغر چوہدھری، حمید لنگرا، اعزاز سید، عائشہ ناز اور جاوید حسین نے بھی مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پی آر اے کے صدر، سیکرٹری اور تمام ممبران نے سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل اور مرحومین کے لیے مغفرت کی دعا کی۔
جاری کردہ:
جاوید حسین
سیکرٹری اطلاعات
پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (پی آر اے)
