PRA-PR-101
پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کا پارلیمان کے 78 سال مکمل ہونے پر خراجِ عقیدت۔
اسلام آباد(10 اگست 2025): پاکستان کی پارلیمان کے قیام کو 78 برس مکمل ہونے پر پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (PRA) پاکستان نے بانیانِ پاکستان، دستور ساز اراکین، اور اُن تمام جمہوریت پسند قوتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے جنہوں نے اس ادارے کی بنیاد رکھی۔ پی آر اے کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کا قیام بانیانِ پاکستان کی جمہوری سوچ اور عوامی نمائندگی کے عزم کا واضح ثبوت تھا۔ آج وہی پودا ایک تناور درخت کی صورت اختیار کر چکا ہے، جس کی چھاؤں میں پاکستان کی جمہوریت آگے کی جانب گامزن ہے۔ پی آر اے پاکستان کے صدر عثمان خان، سیکرٹری نوید اکبر اور دیگر عہدیداروں نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ آئین کی حکمرانی اور پارلیمان کی بالادستی قومی ترقی، خوشحالی اور یکجہتی کی ضمانت ہے. پارلیمان 25 کروڑ عوام کی آواز اور ترجمان ہے؛
نوجوانوں کو پارلیمانی عمل سے جوڑنے کے لیے جاری اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔ پارلیمانی نظام کے تسلسل اور سیاسی استحکام کے بغیر کوئی قومی ترقی ممکن نہیں، پی آر اے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحافیوں کی یہ نمائندہ تنظیم پارلیمانی معاملات کی شفاف، غیرجانبدار اور بروقت رپورٹنگ کے ذریعے اس جمہوری ادارے کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ وابستگی برقرار رکھے گی۔
جاری کردہ:
جاوید حسین
سیکرٹری اطلاعات پی آر اے پاکستان۔


