پریس ریلیز
PRA-PR-90
Dated:27-03-2025
پی آر اے پاکستان کا وفاقی حکومت کی جانب سے میڈیا ہاوس کے بقایا جات کی عید سے قبل ادائیگی پر اظہار تشکر
میڈیا ہاوسز میں کام کرنیوالے ملازمین کو ابھی تک تنخواہوں کی ادائیگیاں نہ ہونے پر تشویش کا اظہار
اشتہارات کی مد میں ملنے والے واجبات کے بعد میڈیا مالکان کے پاس ملازمین کو عید سے قبل تنخواہیں ادا نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں رہا، پی آر اے
میڈیا ملازمین کو عید سے قبل تنخواہوں کی فوری ادائیگی کی جائے، پی آر اے پاکستان۔
اسلام آباد(27 مارچ 2025) پارلیمنٹیری رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے وفاقی حکومت کی جانب سے میڈیا ہاوس کے بقایا جات کی عید سے قبل ادائیگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بعض میڈیا ہاوسز میں کام کرنیوالے ملازمین کو ابھی تک تنخواہوں کی ادائیگیاں نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پی آر اے پاکستان کے صدر عثمان خان ،سیکرٹری نوید اکبر اور دیگر عہدیداروں نے وفاقی حکومت کی جانب سے عید سے قبل میڈیا ملازمین کو تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی کی شرط پر وفاقی کابینہ سے سرکولیشن سمری کے زریعے منظوری لیکر 02 ارب روپے جاری کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
تاہم یہ بھی واضح کیا کہ اشتہارات کی مد میں ملنے والے واجبات کے بعد میڈیا مالکان کے پاس اب اپنے ملازمین کو عید سے قبل تنخواہیں ادا نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
پی آر اے پاکستان نے سماء ٹی وی کے ملازمین کو عید سے قبل ایک اضافی تنخواہ بونس کی مد میں دینے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے عبدالعلیم خان اور سماء نیوز چینل کی پوری انتظامیہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور یہ توقع ظاہر کی کہ دیگر میڈیا مالکان بھی اس اقدام کی تقلید کریں گے اور اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا کر کے انہیں عید کا خوشیوں بھرا تہوار بھرپور طریقے سے منانے کا موقع فراہم کرینگے۔ پی آر اے پاکستان اپنے ورکرز کا خیال رکھنے والے میڈیا مالکان کی تعریف اور ملازمین کو مشکل معاشی حالات میں تنہا چھوڑ دینے والے میڈیا مالکان کے خلاف آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ احتجاج کا آپشن بھی استعمال کرے گی۔
جاری کردہ: جاوید حسین
سیکرٹری اطلاعات پی آر اے پاکستان۔
