پارلیمنٹیری رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے لئے بڑی خوشخبری

Launch Event

16-01-2024

پارلیمنٹیری رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے لئے بڑی خوشخبری

پارلیمنٹیری رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی باڈی کے لئے نئے آفس قائم کردیا گیا

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی آر اے پاکستان کی باڈی کے نئے آفس کا افتتاح کیا

پارلیمنٹ ہاوس کے سبزہ زار میں پی آر اے پاکستان کا نیا آفس باڈی کے لئے مختص

پی آر اے پاکستان کا پارلیمنٹ ہاوس کے اندر پرانا دفتر پی آر اے ورک اسٹیشن کے طور پر مختص

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی آر اے کو نئے دفتر کی مبارکباد پیش کی

میڈیا اور پارلیمنٹ کا آپس کا گہرا رشتہ ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

ذرائع ابلاغ کے ذریعے ہی پارلیمنٹ کی کارروائی عوام تک پہنچتی ہے، راجہ پرویز اشرف

ہم نے ہمیشہ آئین کی سربلندی کے لئے کام کیا آئندہ بھی مل کر چلیں گے، راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد( 16 جنوری 2024) پارلیمنٹیری رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے لئے ایک اور نئے آفس کا افتتاح پارلیمنٹ ہاوس کے سبزہ زار میں کردیا گیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی آر اے پاکستان کے نئے آفس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پی آر اے پاکستان کے صدر عثمان خان، سیکرٹری نوید اکبر، سیکرٹری خزانہ اصغر چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری شاکر عباسی، سیکریٹری اطلاعات جاوید حسین بھی موجود تھے جبکہ گورننگ باڈی کے ممبران عبدالرزاق کھٹی، عائشہ ناز، جاوید نور نے شرکت کی۔

پروقار تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی آر اے پاکستان باڈی کے نئے دفتر کا افتتاح کیا اور دعا خیر کروائی گئی۔ تقریب میں سیکرٹری پی آر اے پاکستان نوید اکبر نے اسپیکر قومی اسمبلی اور حکام کا نئے دفتر کے اجراء پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خطاب میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی آر اے کو نئے دفتر کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ میڈیا اور پارلیمنٹ کا آپس کا گہرا رشتہ ہے کیونکہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے ہی پارلیمنٹ کی کارروائی عوام تک پہنچتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ پریس گیلری کی تمام ضروریات پوری کی جا سکے، خواہش ہے کہ پارلیمنٹ کی سربلندی کیلئے جہاں ہر شہری نے کام کرنا ہے وہاں میڈیا کا بھی بڑا کردار ہے، پارلیمنٹ گولڈن جوبلی تقریبات کو بھی بڑی خوبصورتی سے کور کیا گیا، گولڈن جوبلی کا مانومنٹ بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آر اے کے ساتھ سفر ہمیشہ یادگار رہے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ ہم نے ہمیشہ آئین کی سربلندی کے لئے کام کیا آئندہ بھی مل کر چلیں گے، امید ہے کہ 8 فروری کے بعد جو اسمبلی آئے گی وہ اقدار کو لے کر چلے گی۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پارلیمنٹ مادر آف آل انسٹی ٹیوشنز ہے، جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں، اﷲ اس پارلیمنٹ کو سلامت رکھے۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ 8 فروری کو منتخب ہونے والی قومی اسمبلی اقدار کو لے کر چلے گی، 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کی گئی، اداروں کے درمیان ہم آہنگی نہ ہو تو معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، ہمارے پاس وقت نہیں، ہمیں وہ فیصلے کرنے چاہئیں جو ملکی مفاد میں ہوں، ضد اور انا نے ملک کو کتنا نقصان پہنچایا اس حوالے سے ہم سب کو سوچنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سارے ادارے پاکستان کے ہیں، اداورں کے درمیان ہم آہنگی نہ ہو تو معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، ہمارے پاس اب وقت نہیں ہے، وہ فیصلے کرنے ہیں جو ملک کے مفاد میں ہوں، ہم سب کو اور پوری قوم کو یہ سوچنا چاہئے کہ ضد اور انا نے ہمیں کتنا تقصان پہنچایا ہے، کیا کھویا کیا پایا اس پر ہمیں غور کرنا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سے بھی ایک زمانے میں انتخابی نشان واپس لیا گیا تھا، اصل چیز آپ کا نظریہ ہے، ہر ایک کو الیکشن میں برابر کا موقع ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کی گئی تھی جس کی دنیا میں کہیں بھی مثال نہیں ملتی، کوئی مذہب، معاشرہ یا ملک اس طرح کے حملے کی اجازت نہیں دے سکتا۔ سینیٹ میں قرارداد پر بات کرتے ہوئے انہوں کہا کہ ایوان بالا قابل تکریم ہے، جن ارکان نے قرارداد پیش کی ان کا اپنا مؤقف ہے تاہم اس حوالے سے فیصلہ کرنے کا اختیار الیکشن کمیشن کو حاصل ہے، میر ی خواہش ہے جو بھی حکومت آئے وہ ملک کے مفاد کیلئے کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی اور 28 مئی کا آپس میں کوئی موازنہ نہیں ہو سکتا، 9 مئی قابل شرم اور 28 مئی کا دن قابل فخر ہے۔

اس موقع پر سینئر صحافی، ممبران پی آر اے پاکستان اور سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین، اسپیشل سیکرٹری شمعون ہاشمی، ڈی جی میڈیا قومی اسمبلی ظفر سلطان سمیت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران بھی موجود تھے۔

جاری کردہ:
جاوید حسین مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی آر اے پاکستان

Skip to content