اسلام آباد: پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان نے صحافت کے عالمی دن کے موقع پر ان تمام صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے جو حق و سچ کی تلاش میں دن رات محنت کرتے ہوئے مشکلات، دباؤ، اور خطرات کے باوجود سچ کو عوام تک پہنچاتے ہیں۔ عالمی یومِ صحافت ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔
پاکستان میں صحافی برادری نے ہمیشہ جمہوری اقدار، انسانی حقوق، اور عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر عثمان خان، سیکریٹری جنرل نوید اکبر چودھری اور دیگر عہدیدار آج کے دن اُن تمام ساتھیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو اس مشن کو دیانتداری،غیرجانبداری، اور پیشہ ورانہ اصولوں کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔
صدر پی آر اے پاکستان عثمان خان نے پاکستان میں خواہشات پر مبنی پیکا جیسے قوانین، صحافت کے گرتے ہوئے معیار، میڈیا پر بے جا پابندیوں، صحافیوں کی ملازمتوں سے جبری برطرفیوں اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان تمام چیلنجز کے باوجود، میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے حقوق کے لیے پہلے کی طرح ہر مرحلے پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔پی آر اے پاکستان نے حکومت، ریاستی اداروں اور عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافیوں کے تحفظ، میڈیا کی آزادی، اور آزادی اظہار رائے کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
دعا ہے کہ قلم کی طاقت کو دبانے کی ہر کوشش ناکام ہو اور صحافت کا سورج ہمیشہ چمکتا رہے۔
پاکستان زندہ باد، صحافت پائندہ باد!
:جاری کردہ
جاوید حسین، سیکرٹری اطلاعات پی آر اے پاکستان۔